نواز شریف ملک کو دہشت گردی، مہنگائی سے نجات دلا کر مضبوط بنا دینگے: حمزہ شہباز

نواز شریف ملک کو دہشت گردی، مہنگائی سے نجات دلا کر مضبوط بنا دینگے: حمزہ شہباز

لاہور (نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ خصوصی بچوں کو تعلیم و تربیت فراہم کر کے معاشرے کا کارآمد حصہ بنانے والے والدین، اساتذہ کرام اور ادارے قابل تحسین ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کے حامل خصوصی نوجوانوں کیلئے ملازمتیں یقینی بنانے کیلئے پالیسی بنائی جائے گی۔ خصوصی بچوں کو پنجاب سپورٹس فیسٹیول کا حصہ بنایا جائے گا جس کیلئے مناسب انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار عزیز جہاں بیگم ٹرسٹ انسٹیٹیوٹ فار دی بلائنڈ کے دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کیا۔ حمزہ شہباز شریف کو ادارے کے مختلف شعبے دکھائے گئے۔ وہ نابینا بچوں میں گھل مل گئے اور کلاس رومز میں ان کے مختلف تدریسی مراحل کا جائزہ لیا۔ تقریب سے خطاب میں حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ وزیراعظم جس نیک نیتی، ایمانداری اور جانفشانی سے ملک کے مسائل کے حل کیلئے سرگرداں ہیں، اس سے قوم کو پوری توقع ہے کہ وہ اپنی پانچ سالہ مدت میں ملک کو توانائی، دہشت گردی، کمزور معیشت اور مہنگائی و بیروزگاری سے نجات دلا کر خطے کا ایک مضبوط ملک بنا دیں گے۔ شہباز شریف نے میٹرو بس سمیت بے شمار ترقیاتی منصوبے مکمل کر کے صوبہ پنجاب کو پورے ملک کے لئے ترقی کا رول ماڈل بنا دیا ہے۔ اس موقع پر حمزہ شہباز شریف نے پنجاب حکومت کی طرف سے عزیز جہاں بیگم ٹرسٹ انسٹیٹیوٹ کی سالانہ گرانٹ 6 لاکھ روپے سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کرنے اور ادارے کی توسیع کیلئے ایک کروڑ روپے کی امداد دینے کا بھی اعلان کیا۔