نیٹو سپلائی بحالی کیخلاف عوام ہمارے ساتھ ہیں، حکومت ریفرنڈم کرالے: حافظ سعید

اسلام آباد (وقت نیوز) فریحہ ادریس کے پروگرام ایٹ پی ایم ود فریحہ ادریس میں گفتگو کرتے ہوئے جماعت الدعوة کے امیر حافظ محمد سعید نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل پر امن احتجاج سے نیٹو سپلائی روکے گی۔ حکومت نیٹو سپلائی کے حوالے سے ملک میں ریفرنڈم کرائے۔ انہوں نے کہا کہ دفاع فوج ہی کا کام ہے تاہم ہمارا مقصد دفاع پاکستان کو مضبوط بنانا ہے، انہوں نے کہا کہ چند مفاد پرستوں کے علاوہ زیادہ تر لوگ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔ پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ پارلیمان اور حکومت کو فیصلہ سازی کا حق حاصل ہے ہم نے امریکہ کے معافی مانگنے پر ہی نیٹو سپلائی کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیٹو سپلائی کھولنے میں ن لیگ کی مرضی بھی شامل تھی۔ طارق عظیم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر ایک گھنٹہ 33 منٹ تک حملہ ہوتا رہا۔ پارلیمانی قراردادوں کو ایک طرف رکھ کر نیٹو سپلائی بحال کرنا افسوسناک ہے۔تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا کہ نیٹو سپلائی کی بحالی کے فوراً بعد تحریک انصاف نے گوجرانوالہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کا حصہ بننے پر پاکستان کو بہت نقصان ہوا ہے۔ شفقت محمود نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل کی احتجاج کی اپنی پالیسی ہے وہ جیسے چاہیں احتجاج کریں۔ ن لیگ مسئلے کا حل دینے کی بجائے تنقید برائے تنقید کرتی ہے۔
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے لانگ مارچ میں بھرپور انداز میں شرکت کرنے پر طلباء، وکلاء، تاجروں ، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا ہے اور کارکنان کوہدایات جاری کی ہیں کہ وہ شکرانے کے نوافل اداکریں۔ گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ تاریخ ساز لانگ مارچ میں عوام الناس نے جس طرح بھرپور جوش و جذبہ اور دفاع پاکستان کونسل کی قیادت پر اعتماد کا اظہارکیا ہے، اس پر ہم اللہ رب العزت کا شکر ادا کرتے ہیں۔ہمیں پورا یقین ہے کہ پاکستانی قوم نے یونہی ہمارا ساتھ دیا تو ہم افغان بھائیوں کے قتل عام کیلئے یہاں سے جانے والی نیٹو سپلائی بند اورامریکی مداخلت ختم کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔