جوائنٹ سیکرٹری حج : معافی مانگنے کے بعد جاری کئے گئے توہین عدالت کے شوکاز نوٹس واپس

لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے حج کوٹہ کیس میں جوائنٹ سیکرٹری حج حاجی شیر علی کو جاری کئے گئے توہین عدالت کے نوٹس واپس لے لئے ہیں۔ فاضل عدالت نے جوائنٹ سیکرٹری حج حاجی شیر علی کی جانب سے غیر مشروط معافی مانگنے کے بعد انہیں جاری کئے گئے توہین عدالت کے شوکاز نوٹس واپس لے لئے۔ حاجی شیر علی نے حج کوٹہ توہین عدالت کیس میں اپنا جواب داخل کراتے ہوئے توہین آمیز الفاظ استعمال کئے تھے جس پر عدالت نے انہیں توہین عدالت کے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے تحریری وضاحت طلب کی تھی۔ گذشتہ روز حاجی شیر علی نے تحریری طور پر عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی جس کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے توہین عدالت کے شوکاز نوٹس واپس لے لئے۔ شیر علی نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ آئندہ ایسی حرکت نہیں کریں گے۔