”پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، کرایوں میں اضافے سے زندگی اجیرن ہو گئی“


لاہور (لیڈی رپورٹر) پنجاب بھر میں انٹرسٹی بسوں کے کرایوں میں 10 فیصد تک اضافہ کا نوٹیفکیشن جاری ہونے پر شہریوںنے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن قریب آنے کے باوجود حکمرانوں کو عوام کا کوئی خیال نہیں،آئے روز پٹرولیم مصنوعات اور بسوں کے کرایوں میں اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے، روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ لے کر اقتدار میں آ نے والی پارٹی آئندہ کس منہ سے عوام سے ووٹ مانگنے جائے گی۔ اگر انہیں عوام کا ذرہ برابر بھی احساس ہے تو کرایوں میں اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے گفتگو میں سمن آباد کے رہائشی فیصل امین اور سدرہ عقیل نے کہا کہ حکمرانوںنے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دفن کردیا ہے، ٹاو¿ن شپ کے رہائشی نعیم حسین اور فضہ اقبال نے کہا ہے کرایوں میں اضافے سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہونگی، حکمران صرف اپنے خزانے بھرنے کی بجائے غریب عوام کا بھی سوچیں۔گڑھی شاہوکے رہائشی محمود علی، عارف حسین اور بلقیس نے کہا کہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث عوام زندہ درگور ہوگئے ہیں، شادباغ کے رہائشی سہیل منظور، فیصل ایاز اور عالیہ نے کہا کہ مسلسل بڑھنے والی مہنگائی کے باعث لوگ خودکشیوں پر مجبور ہیں مگر حکمرانوں کو اس کا کوئی احساس نہیں۔ مزنگ کے رہائشی فاروق احمد اور شاہ زیب نے کہاکہ حکمران عوام کو ناکردہ گناہوں کی سزا دینا بند کریں۔