کہکشاں میں زمین کے برابر حجم کے 17 ارب سیارے ہیں: ماہر فلکیات


لندن (بی بی سی اردو) ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ ہماری کہکشاں میں زمین کے برابر حجم کے سترہ ارب سیارے پائے جاتے ہیں اور ہر 6 ستاروں میں سے ایک کے مدار میں ایسا ایک سیارہ گردش کر رہا ہے۔ یہ نتائج کیپلر خلائی دوربین سے حاصل شدہ ڈیٹا میں ایسے اجرام فلکی کے تجزئیے کے بعد سامنے آئے ہیں جو ممکنہ طور پر سیارے ہو سکتے ہیں۔ کیپلر ٹیم نے مکمل تجزئیے کے بعد چار سو اکسٹھ نئے سیاروں کی دریافت کی تصدیق کی ہے جس کے بعد دیافت شدہ سیاروں کی تعداد دو ہزار سات سو چالیس تک پہنچ گئی ہے۔ چنانچہ ہارورڈ کے سمتھسونین سنٹر فار آسٹروفرکس کے ڈاکٹر فرانسوا فریسن نے نہ صرف یہ جاننے کی کوشش کی کہ کیپلر کے دریافت کردہ اجرام فلکی میں سے کون سے سیارے نہیں بلکہ یہ بھی کہ وہ کون سے ایسے سیارے ہیں جنہیں کیپلر کی آنکھ بھی نہیں دیکھ پاتی۔