کراچی: فائرنگ کے واقعات میں لڑکی سمیت 4افراد جاں بحق، 5زخمی


کراچی (کرائم رپورٹر)کراچی میں بدامنی کا تسلسل جاری ہے۔ گذشتہ روز فائرنگ کے واقعات میں لڑکی سمیت چار افراد جاں بحق اور پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ واقعات کے مطابق اورنگی ٹاﺅن بلوچ گوٹھ میں 10 سے زائد مسلح افراد نے گھر میں گھس کر دو افراد راز اور ایوب کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا۔ ایس ایچ او اورنگی تنویر مراد کے مطابق جاوید ایک لڑکی کو بھگا کرفرار ہوگیا تھا۔ جس کے تنازعہ پر فائرنگ کی گئی۔ لڑکی کے والد ولی محمد 10 افراد کے ہمراہ جاوید کے گھر آیا اور لڑکی کو اس کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا جس پر دونوں فریقین میں تلخ کلامی ہوگئی۔ پولیس نے موقع سے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ادھرسولجر بازار کے موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے موٹر سائیکل پر بچوں کے ساتھ سوار شخص پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تاہم بچے محفوط رہے۔ مقتول کی شناخت عمران عباسی کے نام سے ہوگئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے۔گلشن معمار میں نامعلوم افراد نے نوجوان لڑکی کو اغواءکے بعد تشدد کر کے ہلاک کر دیا اور اس کی بوری بند لاش بسمہ اللہ مارکیٹ کے قریب پھینک کر فرار ہو گئے۔گلبہار کے علاقے میں کشمیری امام بارگاہ کے نزدیک مسلح افراد نے ایک مکان پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے جبکہ نیو کراچی میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ شدید فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس بھی پھیلا اور دکانیں وغیرہ بند کردی گئیں۔ دریں اثناءرینجرز کا پاپوش نگر میں سرچ آپریشن چار مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ رینجرز ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران علاقے کا محاصرہ کرکے گھروں کی تلاشی بھی لی گئی۔گلستان جوہر رابعہ سٹی میں دو گروپوں کے درمیان شدید فائرنگ کے بعد رینجرز اور پولیس نے بکتر بند گاڑیوں کے ساتھ رابعہ سٹی میں داخل ہوکر سرچ آپریشن کیا اور دس مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔