پروازوں میں تاخیر پر مسافر پریشان، منسوخ کرنے پر احتجاج، پی آئی اے آفس کا گھیراﺅ


لاہور (خبرنگار) پی آئی اے کی پروازوں میں تاخیر اور منسوخی کا سلسلہ جاری ہے۔ گذشتہ روز نیویارک جانے والی پی آئی اے کی پرواز 7گھنٹے تاخیر سے دوپہر ڈیڑھ بجے روانہ ہوئی جبکہ فرینکفرٹ جانیوالی پرواز کو منسوخ کر دیا گیا جس پر مسافروں اور ان کے عزیزواقارب نے احتجاج کیا اور پی آئی اے ریزرویشن آفس کا گھیراﺅ کر لیا اور نعرے بازی کی۔ لوگ ریزرویشن آفس کے اندر گھس کر بھی احتجاج کرتے رہے۔ مشتعل مسافروں کو قابو کرنے کیلئے ائرپورٹس سکیورٹی فورس کو بلانا پڑا۔ بعدازاں لندن جانیوالی پرواز ایک گھنٹے کی تاخیر سے دوپہر کو روانہ ہوئی۔ اسلام آباد سے آنیوالی 657تین گھنٹے تاخیر سے لاہور پہنچی جبکہ شاہین ائرلائنز کی ابوظہبی سے آنیوالی پرواز ساڑھے بارہ گھنٹے کی تاخیر سے صبح 8بجے لاہور پہنچی۔