پاکستان کے سیاسی جوڑوں میں اضافہ، جعفر اقبال کی اہلیہ بھی رکن پارلیمنٹ ہیں


اسلام آباد (بی بی سی اردو) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی چودھری جعفر اقبال کے بلامقابلہ سینٹ کے رکن منتخب ہونے کے بعد پارلیمان میں موجود سیاسی جوڑوں میں ایک اور جوڑے کا اضافہ ہو گیا۔ جعفر اقبال کی اہلیہ اس وقت خواتین کی مخصوص نشستوں پر پنجاب سے رکن قومی اسمبلی ہیں۔ میاں بیوی کے بیک وقت رکن پارلیمان بننے والوں میں پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور مسلم لیگ (ق) سے تعلق رکھنے والے سیاست دان شامل ہیں۔ کابینہ کے رکن ڈاکٹر ارباب عالمگیر اور ان کی اہلیہ عاصمہ ارباب بھی ان ارکان اسمبلی میں سے ایک ہیں جو میاں بیوی ہوتے ہوئے بیک وقت قومی اسمبلی کے رکن ہیں۔ خواجہ سعد رفیق رکن قومی اسمبلی ہیں جبکہ ان کی اہلیہ غزالہ پنجاب اسمبلی کی رکن ہیں۔ مسلم لیگ (ق) کے رکن پنجاب اسمبلی عامر سلطان چیمہ کی اہلیہ رکن قومی اسمبلی ہیں۔ عامر چیمہ اور ان کی اہلیہ 2002ءمیں پنجاب اسمبلی کے ایک وقت میں رکن رہ چکے ہیں۔ سپیکر فمیہدہ مرزا کے شوہر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سندھ اسمبلی کے رکن تھے تاہم وہ صوبائی وزارت اور رکنیت سے مستعفی ہو گئے۔ پیپلز پارٹی کی عظمیٰ بخاری کے شوہر بھی سیاست دان ہیں تاہم وہ اس مرتبہ لاہور کی صوبائی حلقے سے کامیاب نہ ہو سکے۔ ریاض فتیانہ تو قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تاہم ان کی اہلیہ آشفہ ریاض اسمبلی کی رکن نہیں بن سکیں۔ 2002ءکے الیکشن میں ریاض فتیانہ قومی اسمبلی اور ان کی اہلیہ پنجاب اسمبلی کی رکن بنیں۔ اس سے پہلے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو اور ان کے شوہر اور موجودہ صدرِ آصف زرداری بھی ایک ساتھ رکن اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام اور ان اہلیہ سابق سفیر سیدہ عابدہ حسین کو بھی بیک وقت رکن اسمبلی بننے کا اعزاز حاصل ہے۔ ناہید خان اور ان کے شوہر صفدر علی عباسی بھی ان سیاسی جوڑوں میں سے ہیں جو بیک وقت پارلیمان کے رکن رہے۔