لنڈی کوتل: بم دھماکے میں رضاکار جاں بحق‘ صوابی میں 3 کانسٹیبل زخمی


خیبر ایجنسی + صوابی (این این آئی + آن لائن) خیبر ایجنسی کی تحصیل لنڈی کوتل میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں مقامی لشکر کا ایک رضاکار جاں بحق اور دو زخمی ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق زخہ خیل بازار میں ہونے والے اس دھماکے میں مقامی لشکر توحید الاسلام کا رضاکار عمران جاں بحق ہو گیا جبکہ صوابی میں لنک روڈ پر واقع نجی بنک کی عمارت کے سامنے دستی بم کے حملے میں چوکی پر تعینات تین پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد نامعلوم افراد فرار ہو گئے۔ نوشہرہ کے علاقے آکوڑہ خٹک میں ہینڈ گرنیڈ ہاتھ میں پھٹنے سے ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔ ثناءنیوز کے مطابق نوشہرہ رسالپور اور پبی کے مختلف مقامات پر کالعدم تحریک طالبان کی طرف سے سی ڈیز دکانات اور پولیو ورکرز کے خلاف دھمکی آمیز پوسٹرز دیواروں پر چسپاں کر دیئے گئے۔ منگل کی صبح جب تاجر اپنی دکانوں کے دروازے کھولنے لگے تو اس پر دھمکی آمیز پوسٹرز دیواروں پر چسپاں تھے اور کہا گیا تھا کہ وہ فوری طور پر سی ڈیز کا حرام کاروبار ختم کر دیں اور کوئی اور حلال کاروبار شروع کریں ورنہ ان کی دکانوں کو بم دھماکوں کے ذریعے تباہ کر دیا جائے گا۔