سپریم کورٹ بار نے موجودہ صورتحال پر کل اے پی سی طلب کر لی


لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار نے موجودہ صورتحال پر کل 10 جنوری کو آل پارٹیزکانفرنس طلب کر لی۔ پارٹی رجسٹرڈ نہ ہونے کے باعث ڈاکٹر طاہر القادری کو دعوت نامہ نہیں بھجوایا گیا، سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر سپریم کورٹ بار میاں اسرارالحق کا کہنا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ موجودہ حکومت نے عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے لیکن اس کے باوجود جمہوری نظام حکومت پھر بھی سب سے بہتر ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی باتیں درست ہو سکتی ہیں لیکن اب ان باتوں کا وقت نہیں۔ قوم انتخابات کی طرف جا رہی ہے اس لئے جمہوری عمل کا تسلسل برقرار رہنا چاہئے۔ آئین اور دستور کے اندر رہ کر موجودہ مسائل کا حل ڈھونڈنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کانفرنس میں شرکت کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت نامے بھجوائے گئے۔ اب تک وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، میاں نوازشریف، جماعت اسلامی، (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت، اے این پی، پختونخوا ملی پارٹی، جمعیت علمائے اسلام اور ایم کیو ایم نے کانفرنس میں شرکت کی یقین دہانی کروا دی ہے جبکہ تحریک انصاف نے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا۔