سندھ حکومت نے کراچی میں امریکی قونصلیٹ کی سابق عمارت کو قومی ورثہ قرار دیدیا


کرا چی (آن لائن) کراچی میں واقع امریکی قونصل خانے کی سابق عمارت کو حکومت نے قومی ورثہ قرار دے دیا ہے، تاہم امریکی حکام کے مطابق اس عمارت کو فروخت کیا جا رہا ہے۔ سندھ کے محکمہ ثقافت کے سیکرٹری عبدالعزیز عقیلی نے تصدیق کی ہے کہ حکومت نے امریکہ کے سابق قونصل خانے کی پرانی عمارت کو قومی ورثہ قرار دیدیا ہے۔ تاریخی ورثہ قرار دی گئی عمارت کی ملکیت مالک کی ہوگی مگر اسے مسمار نہیں کیا جا سکتا اور قانون کے مطابق اس کی اصل شکل برقرار رکھنا لازم ہے۔ امریکی حکام کو باضابطہ خط بھیج دیا گیا ہے۔ کراچی میں امریکی قونصل خانے کے ترجمان رچرڈ سلور نے بی بی سی کو بتایا کہ اس عمارت کو جدید فن تعمیر کے ماہر نامور آرکیٹیکٹ رچرڈ نیوٹرا نے ڈیزائن کیا تھا اور عمارت کو سندھ حکومت نے ورثہ قرار دیا ہے۔ امریکی قونصل خانہ فریئر ہال کے سامنے واقع نئی عمارت میں منتقل ہو چکا ہے۔