خاتون کو موبائل پر تنگ کرنیوالے سینئر سول جج فیصل آباد کو او ایس ڈی بنا دیا گیا


لاہور+فیصل آباد (وقائع نگارخصوصی +نمائندہ خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے خاتون کو موبائل فون پر تنگ کرنے کے الزام کا سامنا کرنے والے سینئر سول جج فیصل آباد کو او ایس ڈی بنا دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کی انسپکشن ٹیم کو چندہ نامی خاتون کی طرف سے بھجوائی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ اس کا مقدمہ سینئر سول جج فیصل آباد رفاقت علی کی عدالت میں زیر سماعت تھا۔ اس دوران مذکورہ جج نے روزانہ رات کو فون پر تنگ کرنا شروع کر دیا لہذا ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔ اس بارے میں سینئر سول جج نے موقف اختیار کیا کہ پہلے اس کے فون پر مس کال آئی تھی اور انہوں نے جوابی فون کیا تھا۔ انکوائری رپورٹ مکمل ہونے پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے سینئر سول جج کو او ایس ڈی بناتے ہوئے معاملہ ہائیکورٹ کی انتظامی کمیٹی کو بھجوا دیا جبکہ ہائیکورٹ نے ان کی جگہ اشفاق رانا کو سینئر سول جج لگا دیا ہے جنہوں نے چارج لے کر کام شروع کر دیا ہے۔