جمہوریت کی بحالی میں کارکنوں کی خدمات فراموش نہیں کی جا سکتیں: حمزہ شہباز


لاہور (خصوصی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی بحالی اور امن و آشتی کے قیام کیلئے ہمارے کارکنوں کی کمٹمنٹ اور خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ پرویزی آمریت کے فسطائی ہتھکنڈوں سے مرعوب اور خوفزدہ ہو کرجس وقت کچھ نامی گرامی سیاستدان ”سائیکل لیگ“ میں چلے گئے تھے اس وقت میاں ذوالفقار راٹھور جیسے سچے اور مخلص سیاسی کارکنان نے قید و بند سمیت دوسری انتقامی کارروائیوں کی پروا نہ کرتے ہوئے کلمہ حق اور جمہوریت کا پرچم بلند کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے کارکن بلاشبہ ہمارے سر کا تاج ہیں، ہماری ورکر دوست قیادت نے اپنے کارکنوں کو ہر سطح پر ان کا جائز مقام دیا اور آئندہ بھی انہیں شریک اقتدار کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹاﺅن میں مسلم لیگ (ن) کے مرکزی آفس میں مسلم لیگ (ن) لاہور کے نائب صدر میاں ذوالفقار حسین راٹھور کے ساتھ ایک خصوصی ملاقات اور گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک خاندان کی مانند ہے جس طرح ہمارے بزرگ بابائے قومؒ کی قیادت میں قیام پاکستان کی تحریک میں پیش پیش تھے اسی طرح آج ہم قائد انقلاب میاں نوازشریف کی قیادت میں استحکام پاکستان کی جدوجہد میں شریک ہیں۔