انتخابات ملتوی کرانے کی کوشش کرنے والے عناصر ناکام ہونگے: گورنر پنجاب


لاہور (خبر نگار) گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ ایسے تمام غیر جمہوری عناصر جو ملک میں ہونے والے عام انتخابات کو ملتوی کرانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں نہ صرف ناکامی سے دوچار ہوں گے بلکہ جلد ہی اُن کی ”تخریبی سیاست کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی“۔ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں انتخابات کو اپنے مقررہ وقت پر ہونے پر نہ صرف متفق ہیں بلکہ ان انتخابات کو کامیاب بنانے کے لئے بھر پور طریقے سے حصہ بھی لیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاﺅس لاہور میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی اور وزیر مملکت سائنس وٹیکنالوجی راحیلہ شہادت بلوچ سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتِ حال، صوبہ بہاولپور کی بحالی اور جنوبی پنجاب کو نیا صوبہ بنانے پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بہاولپور صوبے کی بحالی اور جنوبی پنجاب کو نیا صوبہ بنانے کے ضمن میں ، مَیں نے ہی قراردادیں پنجاب اسمبلی میں پیش کیں تھیں۔ سیاست محض اتفاقی اور حادثاتی کامیابیوں کا مظہر نہیں ہوتی بلکہ عوام کی خدمت اوران کے حقوق کے لئے لڑنا ہی سب سے بڑی سیاست ہے۔ اس موقع پرڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی اور وزیر مملکت سائنس وٹیکنالوجی محترمہ راحیلہ شہادت بلوچ نے گورنر پنجاب کو صوبے کا گورنر مقرر ہونے پر مبارکباد دی۔