آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی بربادی کا بھنگڑے ڈال کر جشن منایا: ممتاز بھٹو

کراچی (وقائع نگار)سابق وزیر اعلیٰ و گورنر سندھ اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ممتاز بھٹو نے کہا ہے کہ پی پی کے یوم تاسیس پر آصف زرداری نے سندھ کی رسوائی ، بھٹو خاندان کی تباہی اور شہید بھٹو کی پیپلز پارٹی کی بربادی کا بھنگڑے ڈال کر جشن منایا تھا ۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز بھٹو نے پی ٹی آئی کے صوبائی رہنما محمد انور گجر سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کرنے کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایوب شر ، رزاق باجوہ ، عبدالنبی بروہی ، غلام مصطفی مری ، عبدالفتح بھٹو ، کامران راجپوت ، چوہدری محمد حسین ، حارث گجر اور دیگر رہنما تھے ۔ ممتاز بھٹو نے کہا کہ زرداری ٹولہ اپنی 10 سالہ کارکردگی بتانے کے بجائے عوام کو شہید بھٹو کی 50 سالہ پرانی خدمات اور کارکردگی بیان کرکے عوام کو بے وقوف بنا رہا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کیونکہ ان کی کارکردگی کرپشن ،لوٹ مار اور عوام سے دھوکہ دہی کے علاوہ کچھ بھی نہیں ہے ۔ یہ لوگ اپنے باپ دادا کے بجائے آج بھی بھٹو کے نام میں چھپ کر لٹو پھٹو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ تھر میں غربت، بھو ک وافلاس کے مارے بچوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتیں ان کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ زرداری نے کسانوں کا خون چوسنے کے لےے اپنی شوگرملز کو چلانے سے انکا رکر دیا ہے جبکہ شوگر کیس کے اربوں روپے بھی دبا لےے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا زرداری خاندان سندھ کے خزانے پر پل رہا ہے اور سندھ کی آکسیجن پر چل رہا ہے ۔ عوام ان سے بیزار اور پریشان ہیں اور وہ زرداریوں سے نجات کی راہیں تلاش کر رہے ہیں ۔
ممتاز بھٹو