وسطی پنجاب کا دورہ: بلاول 11 نومبر کو لاہور پہنچیں گے
لاہور (خبرنگار) جنوبی پنجاب کے دورے کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سنٹرل پنجاب کے دورے پر 11 نومبر کو لاہور پہنچ رہے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری لاہور میں بلاول ہائوس میں قیام کریں گے۔ لاہور میں قیام کے دوران وہ پارٹی کے سینئر کارکنوں سے ملاقات کے علاوہ ٹکٹ ہولڈرز، سابق سینئر عہدیداروں، سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی، فیڈرل کونسل کے ارکان سے بھی ملیں گے۔ وہ وسطی پنجاب کی نئی تنظیم کا اعلان بھی کریں گے۔ جنوبی پنجاب میں سابق صدر مخدوم سید احمد محمود کو دوبارہ صدر بنایا گیا ہے۔ لیکن سنٹرل پنجاب میں ذرائع کے مطابق قرعہ فال قمر زمان کائرہ کے نام نکل آیا ہے۔ سنٹرل پنجاب کی قیادت کے لئے سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور فیصل آباد سے سابق رکن قومی اسمبلی رانا فاروق سعید خان کے نام بھی لئے جاتے رہے ہیں۔ سنٹرل پنجاب کے سیکرٹری جنرل کے لئے ابھی ندیم افضل چن اور حسن مرتضیٰ کے نام لئے جارہے ہیں۔ تاہم ندیم افضل چن کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ یہ ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کرچکے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو نے جنوبی پنجاب میں نتاشہ دولتانہ کو سیکرٹری جنرل بنایا ہے، سنٹرل پنجاب میں بھی ایک سینئر رہنما کی اہلیہ کو یہ ذمہ داری سونپنے پر غور کیا جارہا ہے۔ یہ خاتون 2013ء کے انتخابات میں حصہ بھی لے چکی ہیں۔ آخری فیصلہ بلاول لاہور میں قیام کے دوران کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری لاہور میں 4 سے 5 دن تک قیام کریں گے۔ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کے اعلان کے حوالے سے سیاسی جماعتوں سے رابطے بھی کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وہ جماعت اسلامی کے ہیڈ کوارٹرز منصورہ اور عوامی تحریک کے ہیڈ کوارٹرز منہاج القرآن بھی جائیں گے۔ سیاسی جماعتوں کی قیادت سے رابطوں کا آغاز ہوگا۔