وزیراعظم کا پہلا خطاب خوش کن رہا‘ اپوزیشن پر تنقید سے گریز

اسلام آباد (سجاد ترین / خبرنگار خصوصی) وفاقی وزرا کی جانب سے میڈیا میں حکومتی موقف واضح انداز میں پیش کرنے میں ناکامی کے بعد وزیراعظم نے ہر ماہ کے پہلے جمعہ کو قوم سے ریڈیو خطاب کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ عوام کوآگاہ کیاجائے کہ حکومت نے دو سالوں کے دوران کیا کچھ کیا ہے۔ وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب کے دوران اپوزیشن پر تنقید کرنے کی بجائے اپوزیشن کے سامنے تجویز پیش کی ہے کہ وہ حکومت کی رہنمائی کے لئے اپنے مشورے دیں تاکہ عوام کے مسائل کو حل کیا جائے۔ وزیراعظم جب ہر ماہ کے پہلے جمعہ کو قوم سے خطاب کیا کریں گے ت و ان کے پاس سنہری موقع ہو گا کہ وہ عوام کے سامنے حکومت کی وکالت کریں اس سے عوام کو بھی آگاہی ہوگی کہ حکومت غریب عوام کے لئے کیا کررہی ہے اس کے علاوہ ایک ماہ کے دوران اپوزشن کی جانب حکومت پر جو تنقید ہوگی اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ وزیراعظم آئندہ اپنے خطاب میں ایک ایک وزارت کی کارکردگی بھی بیان کریں گے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ماہرین کی ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جو ایک ماہ کے دوران اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جواب تیار کرے گی اور وزیراعظم اسی انداز میں اپوزیشن کو جواب فراہم کریں گے تاکہ سیاسی ماحول میں کشیدگی بھی پیدا نہ ہو اور اپوزیشن کی باتواں کا جواب بھی فراہم کردیا جائے۔ وزیراعظم کا پہلا خطاب خوش کن رہا ہے۔