جلوسوں پر فائرنگ اور حملوں کیخلاف ملک گیر یوم احتجاج‘ مظاہرے‘ مذمتی قراردادیں منظور

لاہور (خصوصی نامہ نگار + نامہ نگاران) فےصل آباد‘ ڈےرہ اسماعےل خان نارووال اور دوسرے شہروں میں عید میلاد النبی کے موقع پر میلاد کے جلوسوں پر فائرنگ اور حملوں کے واقعات کے خلاف سنی اتحاد کونسل کی اپیل پر گزشتہ روز ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا۔ نماز جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں جن میں ان واقعات میںملوث افراد کےخلاف کارروائی کرکے کیفر کردار تک پہنچانے کے مطالبات کئے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 12ربےع الاوّل کے جلوس پر حملہ سوچی سمجھی سازش تھی۔ راولپنڈی‘ گوجرانوالہ‘ کامونکے‘ شیخوپورہ‘ حافظ آباد‘ پنڈی بھٹیاں‘ کوئٹہ‘ کراچی اور دیگر شہروں میں بڑے احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں پریس کلب‘ چوک داتا دربار‘ فردوس مارکیٹ‘ گلبرگ‘ جامعہ نعیمیہ‘ مسجد شہدا مال روڈ‘ جامعہ مسجد نوری سٹیشن اور سندر شریف ملتان روڈ پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن کی قیادت سید حبیب عرفانی‘ صاحبزادہ سید صفدرگیلانی‘ مجاہد عبدالرسول قادری‘ پیر اطہر القادری‘ نواز کھرل‘ علامہ راغب نعیمی‘ قاری زوار بہادر‘ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی‘ علامہ رضائے مصطفیٰ نقشبندی اور ضیاءالحق نقشبندی نے کی۔ مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بریلوی اور دیوبندی تصادم کرانے کی سازش ناکام بنائینگے۔ حاجی فضل کریم ‘ ثروت اعجاز قادری‘ صاحبزادہ مظہر سعید کاظمی نے کہا کہ فیصل آباد میں جلوس پر فائرنگ کرنے والے فرقہ پرستوں کو گرفتار کرکے عبرت کا نشان نہ بنایا گیا تو پنجاب کا امن برقرار نہیں رہے گا۔ راغب نعیمی‘ ڈاکٹر اشرف جلالی‘ سید ریاض حسین نے کہا کہ ہم استحکام پاکستان کی خاطر تصادم کی سازش ناکام بنا دینگے۔ علاوہ ازیں جمعیت علماءاسلام (س)کی اپیل پر 12ربیع الاول کے روز فیصل آباد میں مسجد پر فائرنگ، انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ کے مرکزی جنرل سیکرٹری صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کے گھر کونذرآتش کرنے کے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایاگیا اور جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قراردادیں منظور کرائی گئی مختلف اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے مولاناسمیع الحق‘ مولانامحمداحمدلدھیانوی،پیر سیف اللہ خالد،مولاناقاری محمد حنیف جالندھری اور دیگر رہنماﺅں نے کہا کہ سانحہ فیصل آباد فرقہ وارانہ فسادات کو ہوا دینے کی سازش ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق اہلسنت و جماعت کی تمام مساجد میں علماءو مشائخ نے جمعتہ المبارک کے اجتماعات میں جشن عید میلادالنبی کے جلوسوں پر فائرنگ کی مذمت کی۔ کامونکے سے نامہ نگار کے مطابق پریس کلب کامونکے کے سامنے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ حکومت ان واقعات میں ملوث دہشت گردوں کو فوری گرفتار کرے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق سنی اتحاد نے مختلف مساجد میں یوم احتجاج منایا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق سنی تحریک شیخوپورہ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت قاری شوکت نقشبندی‘ مولانا سید غلام مصطفی شاہ‘ ملک غلام مرتضی محمد عاشق نقشبندی اور دیگر نے کی۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق جلوسوں پر حملوں کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سنی تنظیموں کے رہنماﺅں اور علمائے اہلسنت نے کی۔



دیگر خبریں

پرنٹ لا ئن

پرنٹ لا ئن

17 دسمبر 2017
پرنٹ لائن

پرنٹ لائن

16 دسمبر 2017
پرنٹ لائن

پرنٹ لائن

15 دسمبر 2017
پرنٹ لائن

پرنٹ لائن

14 دسمبر 2017