عمران نے اپنی کروڑوں کی اراضی کم قیمت کی ظاہر کی: نجی ٹی وی کا دعویٰ

کراچی (خصوصی رپورٹ) ایک نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپنی کروڑوں روپے کی اراضی کوڑیوں کی ظاہر کی ہے اور انہوں نے اپنے اثاثوں کی اصل مالیت چھپا لی اور لندن میں موجود اپنے اثاثے تاحال ظاہر نہیں کئے۔ روزنامہ امت کی رپورٹ کے مطابق ایک نجی ٹی وی نے کہا ہے کہ دوسروں پر تنقید کرنے والے عمران خان نے اپنے اثاثوں میں اسلام آباد کے علاقے تلہار میں 39 کنال زمین کی قیمت صرف 8 لاکھ روپے بتائی ہے جبکہ اسلام آباد کے علاقے موڑہ نور میں موجود ان کے بہت بڑے گھر کی قیمت کروڑوں روپے ہے۔ ذرائع کے مطابق عمران نے ڈیڑھ لاکھ روپے فی کنال کے حساب سے 300 کنال زمین خریدی جس کی کل مالیت ساڑھے 4 کروڑ بنتی ہے‘ عمران خان نے کہا کہ یہ زمین انہیں تحفے میں ملی لیکن انہوں نے تحفہ دینے والے کا نام نہیں بتایا۔ دوسری جانب شریف برادران کے ظاہر کردہ اثاثوں کے مطابق وہ اپنی زیادہ تر دولت یا اثاثے اپنے بچوں کے نام کر چکے ہیں۔