جنوبی پنجاب کے عوام کو رمضان پیکیج کی تمام سہولتیں فراہم کرینگے: حمزہ شہباز

لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں رمضان ریلیف پیکیج کے تحت عوام کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیںگی۔ اس مقصد کیلئے ہر شہر میں رمضان بازار قائم کئے جا رہے ہیں جہاں شہریوں کو عام بازار کے مقابلے میں سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ دستیاب ہوں گی۔ ارکان اسمبلی اور انتظامی مشنری سستے رمضان بازاروںکو کامیاب بنانے کیلئے دن رات ایک کر دیں۔ رمضان مبارک اور مون سون کی بارشوں کے دوران عوام کے مسائل کے حل میں دلچسپی نہ لینے والے افسران سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ عوامی نمائندے لوگوںکی توقعات پر پورا اتریں۔ رمضان المبارک میں مساجد اور رمضان بازاروں میں سکیورٹی ایک بہت بڑا چیلنج ہے جس پر پورا اترنے کے لئے پولیس فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے۔ رمضان بازاروں میں شکایات سنٹرز کو موثر بنایا جائے تاکہ صارفین کی شکایت کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ عازی خان ڈویژنوں کے دورے کے دوران اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے رمضان المبارک کے موقع پرآٹے پر 3ارب 20کروڑ روپے کی سبسڈی دے دی ہے تاکہ غریب آدمی کو ریلیف پہنچایا جاسکے ۔ انہوں ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں شکایات سنٹر قائم کئے جائیں جہاں تمام متعلقہ محکموں کے فوکل پرسن کی موجودگی کویقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خورد و نوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور رمضان بازاروں میں اول درجے کی اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوںنے کہاکہ منافع خوری معاشرے کا ایک روگ ہے جس کے خاتمہ کےلئے اچھی شہرت کے حامل افسران کو پرائس مجسٹریٹ کے اختیارات سونپے جائیں تاکہ منافع خوروں کے خلاف آپریشن کیا جا سکے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ رمضان بازاروں میں یوٹیلیٹی سٹورز کے سٹالز لگائے جائیں اور آٹے کے سٹالوں کو منظم انداز میں لگایا جائے۔ رقم دے کر آٹا حاصل کرنے والوں کی عزت نفس مجروح نہیں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی وزراءکو ہر ضلع کا انچارج بنایا جائے گا تاکہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ ہو سکے۔