جماعة الدعوة ڈرون حملوں کیخلاف آج ملک بھر میں یوم احتجاج منائے گی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعةالدعوة نے پاکستانی قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف آج جمعہ کو ملک بھر میں احتجاجی مظاہروں اور ریلیوںکے انعقاد کا اعلان کر دیا۔ لاہور میں سب سے بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک میں کیا جائے گا۔ امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے پاکستانی قوم سے احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں میں بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے۔ مختلف شہروں میں مظاہروں میں طلبائ، وکلائ، تاجروں اور سول سوسائٹی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔ جبکہ مساجد میں خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں پیش کی جائیں گی۔ اس حوالے سے حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکی ڈرون حملے پاکستانی سالمیت پرحملے ہیں، جس میں نا صرف پاکستانی سرحدوں کی پامالی کی جا رہی ہے بلکہ بے گناہ شہریوں کا قتل عام بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے حکمرانوں کو دیگر مسائل کے علاوہ ڈرون حملے رکوانے کےلئے بھی مینڈیٹ دیا گیا تھا لیکن امریکہ کی طرف سے مسلسل پاکستانی سرحدوں کی خلاف ورزی اور ڈرون حملوں نے ثابت کر دیا کہ امریکہ نہ تو پاکستانی حکمرانوں کے احتجاج کو کوئی اہمیت دیتا ہے اور نہ ہی پاکستانی عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی جانب سے رسمی احتجاج امریکہ کا حوصلہ مزید بڑھاتا ہے۔