جاتی عمرہ زرعی اراضی کیس: ضلعی حکومت، ایل ڈی اے سے منظور شدہ رہائشی سکیموں کا ریکارڈ طلب

لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس منصور علی شاہ نے ضلعی حکومت کی جانب سے جاتی عمرہ کے ارد گرد کی زمینوں کو زرعی اراضی قرار دینے اور رہائشی کالونیوں کو مسمار کرنے کے خلاف دائر درخواست میں ضلعی حکومت اور ایل ڈی اے سے منظور شدہ رہائشی سکیموں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔ عدالت نے مزید ہدایت کی کہ یکم مارچ2013 سے پہلے ہاﺅسنگ سوسائٹیوں کےلئے دی جانے والی درخواستوں کی تفصیل بھی پیش کی جائے۔ عدالت نے درخواست گذار کو حکم دیا ہے کہ وہ آئندہ سماعت پر اس بارے میں دلائل دیں کہ ضلعی حکومت کا نوٹیفیکیشن کس طرح غیر قانونی ہے۔ ایل ڈی اے اور ضلعی حکومت کے وکلاءنے عدالت کو بتایا کہ مذکورہ علاقے میں صرف غیر منظور شدہ رہائشی سکیموں کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے۔