اوباما کا بیان افسوسناک ہے‘ ہمارے معاملات میں امریکی مداخلت رسمی بات بن گئی: چودھری نثار

اسلام آباد (ریڈیو نیوز + آن لائن) امریکی صدر اوباما کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ایسے بیانات دینے سے پہلے امریکی حکام فیصلہ کر لیں کہ وہ پاکستان کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں یا اپنے بیانات کے ذریعے پاکستان کو مزید کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی آمریت پاکستان کا یہ حال کر گئی ہے کہ اب ہمارے لئے خودمختاری، اقتدار اعلیٰ اور حاکمیت اعلیٰ جیسے الفاظ اپنے معنی کھو چکے ہیں۔ اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت بھی محض ایک رسمی سی بات بن کر رہ گئی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم مشرف کے دور میں بھی تماشہ بنے رہے اور موجودہ دور میں بھی ہم وہی تماشہ بنے ہوئے ہیں پاکستان کے بارے میں صدر اوباما کا بیان افسوس ناک ہی نہیں بلکہ ہماری آزادی اور خودمختاری کے لئے بھی تشویشناک ہے۔ موجودہ صورتحال کی ذمہ داری میں بھی امریکہ زیادہ نہیں تو کم از کم برابر کا شریک ضرور ہے۔
چودھری نثار