پارٹی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد ہے، اختلافی بیانات پر معذرت خواہ ہوں: دوست کھوسہ

لاہور (آئی این پی) رکن پنجاب اسمبلی سردار دوست محمد کھوسہ نے کہا ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد رکھتے ہیں اور پارٹی پالیسیوں سے اختلاف پر مبنی ان بیانات پر معذرت خواہ ہیں جوکہ ماضی میں ان کی طرف سے شائع ہوتے رہے ہیں۔ گزشتہ روز جاری بیان میں دوست محمد کھوسہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)میرے لئے اپنے خاندان کی طرح ہے اور خاندان کے بڑے چھوٹوں کی غلطیوں سے ہمیشہ درگذر کرتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ مسلم لیگ(ن) کے رہنما جو میرے بڑے ہیں میری اس معذرت کو قبول کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے فلاحی اقدامات کو دل کی گہرائیوں سے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے ہمدردی کے نام پر بڑے بڑے عہدے حاصل کر کے یہاں کے عوام کے مفادات سے غداری کرنے والے سیاستدانوں کے برعکس خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے جنوبی پنجاب میں زندگی کے ہر شعبے میں عوامی خدمت کی قابل تقلید عملی مثالیں قائم کی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام احسان فراموش نہیںہیں، آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو فقید المثال کامیابی سے ہمکنار کریں گے - میں ایک بار پھر اپنے بیانات پر دلی شرمندگی کا اظہار کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ میاں محمد شہباز شریف مجھے اسی ذاتی شفقت کا حقدار سمجھتے رہیں گے جس سے وہ مجھے ماضی میں نوازتے رہے ہیں۔