لاہور: خاتون لیکچرار سمیت کئی شہری لٹ گئے: گوجرانوالہ، مبینہ مقابلہ، ڈاکو ہلاک
لاہور+ گوجرانوالہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) لاہورکے مختلف علاقوں میں وارداتوں کے دوران خاتون لیکچرار سمیت کئی شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیںاور دیگر سامان لوٹ لیا گیا جبکہ گوجرانوالہ میں مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکوؤں نے گجر پورہ جانی پورہ میں عمیر سعید کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 17لاکھ، باٹا پور بھگوان پورہ میں عارف کے گھر سے 10 لاکھ 50 ہزار، نشترکالونی میں دیو کلاں میں حیات کے گھر سے 3لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، سمن آباد میں عمرحیات کی دکان سے ساڑھے4 لاکھ،شادباغ کے علاقہ میں جی سی یونیورسٹی کی لیکچرار ہما پرویز سے 3لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور زیوارت، سبزہ زار میں شبیر کی دکان سے 2لاکھ 56ہزار، ملت پارک میں کامران کی موبائل شاپ میںسے ڈیڑھ لاکھ، گرین ٹائون میں عرفان کی دکان سے 70ہزار ، شاہدرہ میں نواز سے 80ہزار اور موبائل فون، ہربنس پورہ میں سرفراز سے 85ہزار اور موبائل فون، ٹائون شپ میں وحید سے 18 ہزار اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے شالیمار سے ریاض، کینٹ سے ندیم کی کاریں جبکہ اسلام پورہ میں شفیق، مغل پورہ میں قمر،گجر پورہ میں اصغر، اقبال ٹائون میں طاہر، ساندہ میں فرحان،ٹائون شپ میں شاہد، ڈیفنس اے میں شاہد، ڈیفنس بی میں نوید، غالب مارکیٹ میں آفتاب ،شمالی چھائونی میں مقامی صحافی آصف مصورکے گھر کے گیراج سے ان موٹرسائیکل چوری کرلی۔ علاوہ ازیں گوجرانوالہ کے اروپ روڈ پر ڈاکو ناکہ لگاکر لوٹ مار کررہے تھے کہ اس دوران مقابلے کے بعد حراست میں لئے گئے ڈاکو حسن علی کو اروپ پولیس نشاندہی کے لئے لے جا رہی تھی کہ راستے میں علی پور چوک کے قریب مبینہ طور پر اس کے ساتھیوں نے اسے چھڑانے کی کوشش کی۔ اس دوران دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران حسن علی مارا گیا جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔