خبر لیک معاملہ: ہائیکورٹ نے انکوائری کمیٹی کے چیئرمین، دیگر ممبران کی تعیناتی کیخلاف درخواست پر وفاق سے جواب طلب کر لیا
لاہور(وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے خبرلیک کے معاملہ پر انکوائری کمیٹی کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ عامر رضا اور دیگر ممبران کی تعیناتیوں کے خلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار الیاس خان کے وکیل بابر اعوان نے موقف اختیار کیا کہ خبر لیکس کی تحقیقات کے لیے حاضر سرو س جج کو کمیٹی کا سربراہ بنانے کی بجائے ریٹائرڈ جج پر مشتمل انکوائری کمیٹی بنائی گئی۔ کمیٹی قائم کرتے ہوئے دیگر صوبوں کی نمائندگی کو مد نظر نہیں رکھا گیا۔ قانون کے تحت وفاقی حکومت کو انکوائری کمیٹی کے قیام کا کوئی اختیار نہیں۔ حکومت اس طرح کے معاملے کے لئے کمیشن قائم کر سکتی ہے۔ جس پر عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ عدالت کو آگاہ کیا جائے کہ پنجاب سے ممبران کا تقرر کیوں کیا گیا۔ معاملے کی انکوائری کے لئے قومی سطح کا کمیشن تشکیل کیوں نہیں دیا گیا۔ فاضل عدالت نے قرار دیا کہ عدالت آئندہ سماعت پر اس بات کا جائزہ لے گی کہ کمیشن حاضر سروس جج پر بنایا جا سکتا ہے یا نہیں۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت چودہ دسمبر تک ملتوی کر دی۔