ملک کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے جمہوری قوتوں کو متحد ہونا پڑیگا: میاں نواز شریف

چکوال (نامہ نگار + این این آئی) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری قوم کی نظریں مسلم لیگ (ن) پر لگی ہوئی ہیں۔ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ جمہوری قوتوں اور پوری قوم کو متحد ہونا ہو گا۔ این اے61 چکوال II میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار ممتاز ٹمن بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور جس انداز میں مسلم لیگ ن ضلع چکوال کی مقامی قیادت نے اپنے اختلافات فوری طور پر ختم کئے ہیں اس سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ چکوال مسلم لیگ ن کا ایک مضبوط قلعہ ہے۔ وہ رائے ونڈ میں معروف نعت خواں عبدالرزاق جامی کی قیادت میں ملنے والے (ن) لیگ چکوال کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ عبدالرزاق جامی نے بتایا کہ ٹکٹ کی تبدیلی سے مسلم لیگ ن ضلع چکوال میں جو اختلافات پیدا ہوئے تھے وہ تمام دور کر دیئے گئے ہیں۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ اب اگلے مرحلے میں مسلم لیگ ن کو یونین کونسل کی سطح پر منظم کیا جائے گا۔ سیاست اور جمہوریت پر گہرے بادل دکھائی دیتے ہیں۔