کرکٹ میچ ممبئی حملوں میں مارے گئے بھارتیوں کے خون کی توہین ہے: بال ٹھاکرے


نئی دہلی (اے پی اے) انتہا پسند بھارتی رہنما بال ٹھاکرے نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ میچ کھیلنا ممبئی حملوں سمیت دیگر دہشت گرد حملوں میں مارے جانے والے بھارتیوں کے خون کی توہین ہے۔ ایک جانب پاکستانی دہشت گردی ہمارے شہروں پر حملے کر رہے ہیں دوسری جانب انہی شہروں میں پاکستانی کھلاڑیوں کا کرکٹ کھیلنا قوم کے لئے باعث شرم ہو گا۔ ”ٹائمز آف انڈیا“ کے اداریہ میں بال ٹھاکرے نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے دورہ بھارت پر بھارتی بورڈ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کرکٹ بورڈ نے پاکستانی ٹیم کا شیڈول طے کر کے پیسوں کے بدلے قومی غیرت کا سودا کر دیا۔ انہوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ہماری قوم کیلئے وہ دن کتنے شرمناک ہونگے جب پاکستانی کھلاڑی بنگلور، ممبئی، کولکتہ جیسے شہروں میں کرکٹ کھیلیں گے جہاں پاکستانی دہشت گرد ہمارے شہروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔