کراچی: ٹارگٹ کلنگ میں مزید 7 جاں بحق، بم ناکارہ بنا دیا گیا


کراچی(کرائم رپورٹر+ایجنسیاں) کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے دوران مزید 7 افراد جاںبحق ہوگئے جبکہ دہشت گردی کا منصوبہ ناکام ہوگیا اور سفورا چونگی کے قریب 4 کلو گرام وزنی بم کوناکارہ بنا دیا گیا۔ پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر ریڈیو پاکستان کے قریب سے ایک شخص کی بوری بند نعشیں ملی جسے اغوا کے بعد قتل کیا گیا جبکہ اولڈ سٹی ایریا رام سوامی کے قریب بھی ایک شخص کی نعش ملی جسے گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ بوہرہ پیر کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار شخص جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کی شناخت کمال حسین کے نام سے ہوئی۔ لانڈھی شیر پاﺅ کالونی کے قریب محمد رشید کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ گارڈن میں شومارکیٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ علاوہ ازیں کراچی میں ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ہیڈ کانسٹیبل کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ پریڈی کے علاقے میں تبت سینٹر کے قریب گلی سے جمعرات کی صبح نوجوان کی بوری بند لاش ملی جسے تشدد کے بعد سر میں گولی مار کر ہلاک کیاگیا تھا۔ اورنگزیب مارکیٹ کے نزدیک موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے قمر زمان کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا، پاک کالونی کے علاقے ریکسر میں لیاری ندی سے ایک شخص کی بوری بند نعش ملی جس کی شناخت آصف غوری کی حیثیت سے ہوئی۔ مزید برآں لانڈھی اور شیرشاہ میں بھی دو افراد کی نعشیں ملیں جنہیں تشدد کرکے ہلاک کیاگیا تھا۔ علاوہ ازیں رینجرز نے منگھوپیر کے علاقے کنواری کالونی میں چھاپہ مار کر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ رینجرز کے ترجمان کے مطابق گرفتار دہشت گرد ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہے۔ علاوہ ازیں سچل کے علاقے میں سفورا چورنگی کے نزدیک چار کلو گرام وزنی بم کو ناکارہ بنادیا گیا۔ بم عارف آرکیڈ کے نزدیک سڑک پر رکھا گیا تھا۔ مشکوک ڈبے کے بارے میں اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا جس نے انتہائی مہارت سے بم کو ناکارہ بنا کر علاقے کو بڑی تباہی سے بچالیا۔ علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفند یار ولی خان نے کراچی لانڈھی ٹاﺅن میں اے این پی کے آفس پر دہشت گردوں کی فائرنگ اور اسکے نتیجے میں وارڈ صدر محمد سلیم ‘ نائب صدر عابد خان ‘ ساجد خان اوردیگر واقعات میں اورنگی ٹاﺅن یوسی 6کے نائب صدر میاں جان اور پختون ایس ایف کے کارکن نیاز بادشاہ کی دہشت گردوں کے ہاتھوں شہادت پر دلی رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ اسفند یار ولی خان نے کہا کہ سندھ حکومت ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ملوث ملزموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں اور قیادت کو اس قسم کے بزدلانہ حملوں سے مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔