رحیم یار خان: ق لیگ کے خسرو بختیار نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا


رحیم یار خان (آئی این پی) ضلع رحیم یار خان سے (ق) لیگ کے رہنماﺅں سابق وزراءمخدوم احمد عالم انور اور رئیس منیر احمد کے بعد سابق وزیر مملکت برائے خارجہ خسرو بختیار نے بھی مسلم لیگ (ن) میں جانے کیلئے پرتولنے شروع کردیئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سابق وزیر مملکت مخدوم خسرو بختیار بھی جلد (ق) لیگ کو خیر باد کہہ کر مسلم لیگ (ن) میں جانےوالے ہیں کیونکہ وہ قومی اسمبلی کے جس حلقہ این اے 194 سے الیکشن لڑتے ہیں اس حلقہ سے پی پی پی اور مسلم لیگ (ق) کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ پالیسی کے نتیجے میں ٹکٹ پی پی پی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم شہاب الدین کو ہی ملے گا جن سے مخدوم خسرو بختیار گزشتہ الیکشن میں شکست کھا گئے تھے۔ ذرائع کے مطابق حالات کو بھانپتے ہوئے خسرو بختیار نے ق لیگ کو چھوڑ کر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وہ چند روز میں اپنے قریبی ساتھیوں کو اعتماد میں لینے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کرکے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔