رئیسانی شام کے بعد ہوش میں نہیں ہوتے، میں نے نہیں ڈویژنل صدر نے انکی رکنیت معطل کی: صادق عمرانی


کوئٹہ (آن لائن ) وزیراعلیٰ نواب رئیسانی بلوچستان کی سب سے بڑی متنازعہ شخصیت ہیں جو شام ڈھلنے کے بعد ہوش میں نہیں ہوتے۔ یہ بات بالکل غلط ہے کہ میں نے ان کی پارٹی رکنیت معطل کی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے صادق عمرانی نے کہا ہے کہ اسلم بھوتانی کو سپیکر بنا کر اسلم رئیسانی نے کوئی احسان نہیں کیا، سپیکر بنانے میں صرف ان کا ایک ووٹ ہے۔ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ اسلم رئیسانی کی پیپلزپارٹی سے بنیادی رکنیت میں نے ختم کی ہے جہاں سے ان کا تعلق ہے وہاں کے ڈویژنل صدر نے کرپشن کے الزامات کے تحت ان کی پارٹی رکنیت معطل کی۔ جہاں تک سپیکر اسلم بھوتانی نے اسمبلی کے اجلاس سے متعلق جو سوالات اٹھائے ہیں وہ آئینی اور قانونی ہیں کیونکہ سپریم کورٹ کے آئینی اور عبوری حکم کے بعد صوبائی حکومت کا کوئی آئینی جواز نہیں۔ انہوں نے نواب رئیسانی کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ تو بلوچستان کے ہیں پر رہتے اسلام آباد میں ہیں۔ انہیں بلوچستان اور عوام سے کوئی سروکار نہیں، انتہائی متنازعہ شخصیت ہیں۔ بلوچستان کے مسئلے کے حل میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ شام پانچ بجے کے بعد وہ اپنے ہوش میں نہیں ہوتے اور دو مشیر جو چاہیں ان سے کرا لیتے ہیں۔