حج پروازوں میں دوسرے روز بھی گھنٹوں تاخیر، حجاج، انکے رشتہ داروں کا احتجاج


لاہور(خبرنگار) پی آئی اے کی حج پروازوں میں تاخیر بڑھنے لگی ہے گزشتہ روز جدہ سے آنیوالی حج پرواز پی کے 3504 چار گھنٹے کی تاخیر سے لاہور پہنچی اور حجاج کرام کو لینے کیلئے لاہورکے باہر دوسرے شہروں میں آنیوالے ان کے عزیز و اقارب پی آئی اے کے خلاف احتجاج کرتے رہے۔ علاوہ ازیں شاہین ائرلائنز کی جدہ سے آنیوالی پرواز 717 سوا چار گھنٹے تاخیر سے پہنچی جبکہ آج صبح ساڑھے چھ بجے مسقط جانیوالی پرواز اب کل صبح ساڑھے چھ بجے 24 گھنٹوں کی تاخیر سے روانہ ہوگی۔ علاوہ ازیں شاہین ائر لائن کی کراچی سے آنیوالی اور کراچی جانیوالی پروازیں 145اور 146 منسوخ کر دی گئیں۔جدہ سے پشاور پرواز چار، چار گھنٹے جبکہ اسلام آباد اور کراچی میں بھی پی آئی اے نے حاجیوں کو تین گھنٹے کی تاخیر سے پہنچایا۔