ایفی ڈرین کیس میں ایم این اے حنیف عباسی کی ضمانت منظور


راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صغیر احمد قادری اور جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے انٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے درج ممنوعہ کیمیکل ایفیڈرین کوٹہ کیس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی کی عبوری ضمانت کنفرم کر دی جبکہ ندیم ظفر اور شیخ انصار کی عبوری ضمانتیں بھی منظور کرلی گئیں۔ تینوں کو عدالت عالیہ نے اپنی اپنی ضمانتیں منظور ہونے پر پانچ پانچ لاکھ کے دو دو مچلکے داخل کرانے کا حکم بھی دیا گیا۔ حنیف عباسی کے وکیل سینئر ایڈووکیٹ سردار اسحٰق خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا میرے موکل نے لیگل طریقے سے ایفیڈرین کا کوٹہ لیا جو لائسنس یافتہ بھی ہے یہ کیس محض سیاسی انتقام کی بنیاد پر بنایا گیا ہے۔