آڈیٹر جنرل کو پی پی کے چند افراد بچا رہے ہیں: صمصام بخاری


اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر مملکت سید صمصام بخاری نے آڈیٹر جنرل بلند اختر رانا کے خلاف ریفرنس پر کارروائی نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ آفیسر کو ان کی پارٹی کے چند افراد بچانے کی کوشش کر رہے ہیں جو قابل مذمت اقدام ہے۔ گزشتہ روز نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے آڈیٹر جنرل بلند اختر کی کرپشن جس میں ماتحت آفیسر کو جنسی طور پر ہراساں کرنے، ان کی دوہری شہریت اور ذاتی گھر کی تزئین و آرائش کے لئے سرکاری خزانے سے دو کروڑ روپے خرچنے کے شواہد موجود ہیں انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی کے وفادار نمائندے ہیں اور بلند اختر کیخلاف ریفرنس میں ان کی ذاتیات کا کوئی عمل دخل نہیں ہے۔ سوال کے جواب پر وزیرمملکت نے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے سلسلے میں ملک سے باہر تھے اب وہ اس پر کارروائی ہونے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔