ہلال احمر کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں‘ صدر ممنون
اسلام آباد (اسپیشل رپورٹ) صدر ممنون حسین نے قدرتی آفات اور حادثات میں ہلال احمر پاکستان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ ہلال احمر کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں۔ صدر نے یہ بات انجمن ہلال احمر کی طرف سے دی گئی ایک بریفنگ کے موقع پر کہی۔ اس بریفنگ میں ہلال احمر کے چیئرمین ڈاکٹر سعید الہی اور دوسرے اعلی عہدیدار بھی موجود تھے۔ صدر نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے ہلال احمر میں تربیت یافتہ افرادی قوت کی موجودگی پر زور دیا اور کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لئے تربیت یافتہ افراد کی صلاحیت اور استعداد کار کو بھی بہتر بنایا جائے۔ اس ضمن میں ایک ضابطہ کار کی ضرورت ہے جو جلد سے جلد طے ہونا چاہئے۔ ہلال احمر کے چیئرمین ڈاکٹر سعید نے صدر کو ادارے کی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔
صدر ممنون