جیمز کومی کو عہدہ سے برخاست کرنا دوسری پراسرار غلطی تھی۔ یہ کام اس وقت کیاگیا جب کومی روس سے رابطوں کے بارے میں معاملے کی تفتیش کررہا تھا۔ اسکا سیاسی طورپر کیا فائدہ تھا۔ اس بارے میں کسی کے پاس کوئی جواب نہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ کے وفادار سٹیو بینن نے چارلی روز کو انٹرویو میں جیمز کومی کو عہدہ سے فارغ کرنے کے ٹرمپ کے فیصلہ کو جدید سیاسی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا۔ اس بارے میں بھی انگلی جارڈ کوشنر کی طرف اٹھائی جارہی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے فلن اورکومی کی فراغت کے فیصلوں میں جارڈ کوشنر کے کردار مانا ہے۔ انہی فیصلوں کی وجہ سے رابرٹ ملر کیلئے راہ ہموار ہوئی جو اس وقت 2016ء میں امریکی انتخابات میں روسی مداخلت کے معاملے کی تحقیقات کی سربراہی کررہے ہیں۔ رابرٹ ملر جے ایدگر ہوور کے بعد سب سے طویل مدت تک ایف بی آئی کے سربراہ کے طورپر بھی جانے جاتے ہیں۔ جارج ڈبلیو بش نے دس سال کیلئے انہیں مقرر کیا جبکہ بارک ابامہ نے مزید دو سال کی اس عہدہ پر توسیع دی۔
کوشنر کے بارے میں یہ تبصرہ بینن اور ٹرمپ کے درمیان مبینہ طورپر ہوا ہے۔ ایک اور گفتگو میں سیاسی تجزیہ کار راجرسٹون نے کوشنر کی جانب سے غلط سیاسی مشورے دینے کے بارے میں بتایا جس سے ٹرمپ نے اتفاق کیا۔ ٹرمپ کی مہم میں شامل سیم بینن برگ نے بتایا کہ جدید تاریخ میں وائٹ ہائوس میں سب سے برے سیاسی مشورے دینے والے کا نام جارڈ کوشنرہے۔ سوال یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کی نمائندگی کرنیوالے ہینری کسنجر جیسے لوگ اس سے ایسا کروارہے ہیں۔ کئی دہائیاں قبل ہینری کسنجر صدر نکسن کے قومی سلامتی کے مشیر پھر وزیر خارجہ رہے۔ انہوں نے ’شب ہفتہ قتل عام‘کے نام سے مشہور واقعہ میں بڑا کردار ادار کیاتھا۔ صدر نکسن نے مشہور زمانہ واٹر گیٹ سکینڈل کی تحقیقات پر مامور خصوصی پراسیکیوٹر آرچی بالڈ کوکس کو نکال باہر کیاتھا۔ یہ شخص واٹرگیٹ سکینڈل سے متعلق ٹیلی فون ریکارڈنگز حاصل کرنے کی کوشش کررہا تھا اس غلط فیصلہ کا نتیجہ یہ نکلا کہ نکسن کو استعفی دیکر گھر جانا پڑا۔ سیاسی تجزیہ نگار یہی انجام ٹرمپ کا بھی قرار دے رہے ہیں کہ اگر روسی مداخلت کا معاملہ اور زیادہ اچھلا تو ٹرمپ بھی بچ نہ پائے گا۔ ہینری کسنجر کے دورہ وائٹ ہائوس پر اے بی سی نیوز نے تبصرہ کیا کہ اعلی تحقیقاتی افسر کو عہدہ سے ہٹانے کی سیاسی حماقت ہنری کسنجر کے اچانک دورہ وائٹ ہائوس سے جڑی ہوئی ہے۔ ٹرمپ نے کہاکہ کسنجر سے ملاقات میں روس، شام اور بعض دیگر معاملات زیرغور آئے۔ اس نے کسنجر کو پرانا دوست قرار دیا۔ کسنجر سابق صدر نکسن کے قریبی اعتماد کا آدمی تھا جو ’شب ہفتہ قتل عام‘ کے واقعہ کے بعد بھی اس سے ملتارہا۔
سعودی عرب میں شہزادوں کی گرفتاریوں اور دیگر سرگرمیوں کے حوالے سے بھی جارڈ کوشنر کا نام آرہا ہے اور کہاجارہا ہے کہ وہ ہنری کسنجر کے جیوپولیٹیکل منصوبہ پر اولین اقدامات کررہا ہے۔ تین دسمبر کو سعودی عرب سے لبنان کے وزیراعظم سعد الحریری کو فون گیا،مطالبہ کیاگیا کہ وہ ریاض کا دورہ کرے۔ وہ بلاتاخیر اپنے معمول کے عملہ کو ساتھ لئے بغیر روانہ ہوگیا۔ اگلے روز اس نے انتہائی غیرمعمولی اقدام کرتے ہوئے سعودی دارالحکومت سے ٹیلی ویژن کے ذریعے اپنے استعفیٰ کا اعلان کردیا۔ مغربی میڈیا نے اس حقیقت کو چھپایا کہ حریری نے استعفیٰ غیر ملکی سرزمین سے دیا ہے۔ اس نے ایران پر الزامات لگائے اور اپنی جان خطرے میں ہونے کا بھی خدشہ ظاہرکیا۔ اسی شام سعودی ولی عہدہ شہزادہ محمد بن سلمان نے گیارہ شہزادوں، چارحکومتی شخصیات اور درجنوں کاروباری شخصیات کو گرفتارکرلیا۔ حوثی کا یمن سے چلایا جانیوالا بیلسٹک میزائل سعودی عرب نے مارگرانے کا دعوی بھی کیاہے۔ ایرانی وزیرخارجہ نے جواب دیا کہ یہ چال لبنان اور خطہ میں کشیدگی پھیلانے کیلئے چلی گئی ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر کے مشیر حسین شیخ الاسلام کیمطابق صدر ٹرمپ اور ولی عہد محمد بن سلمان نے مل کر حریری کے استعفے کی منصوبہ بندی کی تھی۔ ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے اصل کردار جارڈ کوشنرکو بتایا۔
اکتوبر میں جارڈکوشنر نے سعودی عرب کا دورہ کیا۔ چار دن کے دورے کے دوران وہ اسرائیل، اردن اور مصر میں بھی رکا۔ واشنگٹن پوسٹ کیمطابق صبح چار بجے تک جارڈ کوشنر اور شہزادہ محمد بن سلمان منصوبہ بندی میں مصروف رہے ہیں۔دونوں شہزادوں نے کئی راتیں اس مقصد کو دی ہیں۔ سعودی عرب اور اسرائیل میں قدر مشترک ہونہیں سکتی لیکن ایران پر دونوں متفق ہیں۔جارڈ کوشنر کے بارے میں کہاگیا کہ اس نے سیاسی کوریج کی وجہ سے ٹائم وارنر کے ایگزیکٹو سے کہاکہ سی این این کے پانچ میں سے ایک ملازم کو نوکری سے فارغ کردیں۔جارڈ کوشنر اصل میں کس کیلئے کام کررہا ہے۔ وہ اپنے سسر کیلئے خدما ت انجام دے رہا ہے لیکن دوسری جانب مستقبل کے ہینری کسنجر کے طورپر اس کی تربیت جاری ہے۔ کسنجر نے نکسن کی روانگی کے بعد جیرالڈفورڈ کیلئے کام کیاتھا۔ یا پھر یہ کہاجائے کہ ڈونلڈٹرمپ کا داماد اور اعلی مشیر دراصل کا آقا کوئی اور ہے جس کیلئے وہ خدمات انجام دے رہا ہے۔ (ختم شد)