مفت تعلیمی منصوبہ‘ پیف نے 35 موبائل سکولز سے معاہدہ کر لیا

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے اپنے مفت تعلیمی منصوبہ ’نیو سکول پروگرام ‘میں35موبائل سکولوںسے معاہدہ کر لیا پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کے ترجمان کے مطابق مفت و معیاری تعلیم کے منصوبہ ’نیو سکول پروگرام ‘میں 35موبائل سکولوںکے ساتھ معاہدہ شراکت طے پاگیاہے۔ یہ سکول جنوبی پنجاب میں موجود بہاولپور ،رحیم یار خان اور بہاول نگر کے چولستانی علاقوںمیںرہنے والے ان افراد کو دیے گئے ہیں جووہاں پر موجود آبادی کے قریب رہائش پذیر ہیں۔چولستان میںآبادگھرانے پانی کی تلاش میں ایک مقام سے دوسرے مقام پراپنی رہائش منتقل کرتے رہتے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت پیف نے ایسے افراد کو یہ موبائل سکول چلانے کی ذمہ داری سونپی ہے جو اپنے سکو لوں کو چولستانی رہائشیوںکے ساتھ منتقل کرتے رہیںگے تاکہ چولستانی بچوں کا تعلیمی سلسلہ نہ رک سکے۔