چین سے "Love More" کی صدا آتی ہے!

چین سے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارا عظیم ہمسایہ چین ایک ایسا دوست ہے جو ڈومور نہیں LOVE مور کہتا ہے۔ وہ گزشتہ روز لاہور میں چینی سفیر یاؤجنگ اور انکے وفد سے ملاقات کے دوران باتیں کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لئے ایک شاندار تحفہ بن کر سامنے آیا ہے اور اس منصوبے نے دونوں ملکوں کے معاشی اور سماجی تعلقات کو مزید مضبوط کیا ہے۔ اس سے پہلے چینی سفیر نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی فعال اور متحرک قیادت کو زبردست خرج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں کئی برس بعد لاہور آیا ہوں اور یہاں ترقی دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ آپ پاکستان کے وژنری لیڈر ہیں۔ آپکی قیادت میں لاہور اور پنجاب میں ترقی نظر آتی ہے۔
وزیراعلیٰ شہباز شریف نے چند الفاظ میں بہت بڑی حقیقت بیان کر دی ہے۔ ایک امریکہ ہے جس کی خاطر ہم نے دہشت گردی کی جنگ میں 74 ہزار شہریوں اور فوجیوں کی جانوں کی قربانی دی اور ایک کھرب 23 ارب ڈالر کا معاشی نقصان اٹھایا۔ ہم نے اسے افغانستان کی جنگ جیتنے میں مدد دی اور اسکے عوض دہشت گردی کی مصیبت گلے پڑ گئی۔ لیکن ان تمام قربانیوں اور احسانات کو فراموش کرتے ہوئے اس نے ہم سے ڈو مور کے مطالبے کی رٹ لگا رکھی ہے۔ دوسری طرف ہمارا دوست چین ہے جو بے لوث ہمارا ساتھ نبھا رہا ہے اور اس نے بھارت کے مقابل ہمارا دفاعی حصار بھی مضبوط کیا ہے۔ اس نے ہمیں سی پیک کی شکل میں ایسا تحفہ دیا جو صرف پاکستان اور چین ہی نہیں بلکہ خطے کے علاوہ درجنوں ملکوں کی تقدیر بدل دیگا۔ ہمارے درجنوں ترقیاتی منصوبوں میں تکنیکی اور مالی مدد فراہم کر رہا ہے۔ پاک چین دوستی کی تاریخ کئی عشروں پر محیط ہے جو دنیا میں ضرب المثل بن چکی ہے۔ دوسری طرف امریکہ ہے‘ جس کے نزدیک پاکستان کا سب سے بڑا جرم چین سے دوستی ہے لیکن امریکہ نے اپنی اداؤں پر کبھی غور نہیں کیا۔