ترکی فارماسیکٹر کے نمائندوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو محفوظ قرار دیدیا
لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ترکی فارما سیکٹر کے نمائندوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کو محفوظ اور صنعتی انفراسٹرکچر کو انٹرنیشنل سٹینڈرڈکے مساوی قرار دیاہے ۔وہ پنجاب انڈسٹریل سٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈمینجمنٹ کمپنی(پیڈمک) کے شعبہ مارکیٹنگ کی طرف سے صوبہ پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے دی گئی بریفنگ کے بعد اظہار خیال کر رہے تھے واضح رہے کہ پیڈمک نے ترکی اور پاکستان کی 41۔ بڑی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے مابین مشترکہ سرمایہ کاری اور مختلف انڈسٹریل سٹیٹس میں نئے کارخانے لگانے کیلئے گزشتہ دو دنوں کے دوران مذاکرات کئے جس میں میڈیکل پراڈکٹس ، میڈیسنز مینوفیکچر رز، ہسپتالوں کے بستر ، میڈیکل سروسز اور ہیلتھ کیر کے علاوہ دیگر شعبوں کے پاکستانی اور ترکی کی کمپنیوں کے سرمایہ کاروں نے پاکستان میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ مذاکرات کے دوران ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور دیگر معاملات بھی زیر بحث لائے گئے ۔پیڈمک کے ترجمان نے بتایا کہ ایونٹ کے دوران پیڈمک نے ملٹی نیشنل، مقامی ، ترکی کی کمپنیوںاور ان کے نمائندوں کواپنے پراجیکٹس لگانے کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے بارے میںتفصیلی طور پر آگاہ کیا۔