سرکاری سکولوں میں ترقیاتی کاموں کیلئے فنڈز کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کا فیصلہ
فیروزوالا (نامہ نگار) محکمہ تعلیم ضلع شیخوپورہ میں نان سیلری بجٹ کے ذریعے سرکاری سکولوں میں ترقیاتی کاموں کیلئے دیئے جانے والے کروڑوں روپے کے فنڈز کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ بعض ہائر سیکنڈری سکولوں‘ ہائی سکولوں کے علاوہ متعدد مڈل اور پرائمری سکولوں میں اس بجٹ کے لاکھوں روپے خوردبرد کئے جانے کی شکایات موصول ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اس بارے میں ضلع انتظامیہ محکمہ اینٹی کرپشن کو موصول ہونے والی متعدد درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ کئی سکولوں میں فرضی طورپر ترقیاتی کام کروائے گئے ہیں اور کئی سکولوں میں فلاحی تنظیموں کی طرف سے جو کام کروائے گئے تھے ان کے اخراجات نان سیلری بجٹ میں ظاہر کر دیئے گئے ہیں اور بعض سکولوں میں اس بجٹ کی رقم سے ہیڈماسٹروں کے گاڑیاں خرید لی ہیں۔