خیبر پی کے سکولوں میں ڈینگی آگاہی مہم شروع، مزید 355 افراد متاثر

پشاور(این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) خیبرپی کے میں مزید 355افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے جس کے بعد صوبہ بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 6700سے تجاوز کر گئی۔ ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق صوبہ میں ڈینگی مزید 355کیسز سامنے آگئے۔ 1520افراد کے ٹیسٹ کرائے گئے 92 افراد کو ہسپتال میں داخل کرایاگیا جبکہ پہلے سے زیر علاج 88افراد کو صحت یاب ہونے پر فارغ کردیا گیا ہے ۔ صوبہ بھر میں 359افراد مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں ۔ ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق صوبے میں ڈینگی سے اب تک 26افراد انتقال کرچکے ہیں۔ خیبر پی کے سکولوں میں ڈنیگی سے آگاہی مہم شروع کر دی گئی محکمہ صحت کے مطابق ڈاکٹر بچوں کو ڈینگی سے بچاﺅ کی تدابیر سے آگاہ کر رہے ہیں پشاور کے 2 ہزار سے زائد سکولوں کے بچوں کو آگاہ دیں گے آگاہی مہم دیگر اضلاع اور تعلیمی اداروں میں بھی چلائی جائے گی۔ تہکال میں ڈینگی کے معاملے پر سیاسی جماعتوں اور عمائدین کا جرگہ ہوا جرگے نے ڈینگی کے معاملے پر عوام کے ساتھ دینے کا اعلان کر دیا پی ٹی آئی کے ایم این اے حامد الحق بھی جرگے میں شریک ہوئے حامد الحق نے کہا کہ ڈینگی سے متعلق انتظامات سے مطمئن نہیں میری اہلیہ، بیٹی اور رشتے دار ڈینگی سے بیمار ہیں عوام کی خاطر اپنی ہی حکومت سے جنگ کیلئے تیار ہوں۔