انڈس ویلی اسکول آف آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر میں دو روزہ کتب میلہ ختم

کراچی(نوائے وقت رپورٹ) انڈس ویلی اسکول آف آرٹ اینڈ آرکیٹیکچر میںمنعقدہ دو روزہ کتب میلہ اختتام پذیر ہوا۔ کتب میلے میں فنون لطیفہ، آرٹ اور آرکیٹیکچر میں دلچسپی رکھنے والے نمایاں افراد، پبلشرز اور بک سیلرز نے شرکت کی۔ اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بھی آرٹ، ٹیکسٹائل، فیشن اور آرکیٹیکچر کے موضوعات پر لکھی گئی تین ہزار سے زائد کتابوں میں دلچسپی لی۔ کتب میلے کے پہلے روز پروفیسر شہناز اسماعیل نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کمپیوٹر کے دور میں بھی کتاب کی اہمیت اپنی جگہ موجود ہے اور جو لطف اچھے موضوع پر لکھی گئی کتاب پڑھ کر آتا ہے وہ کمپیوٹر کا بٹن دبانے سے نہیں آتا۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ کتب بینی میں دلچسپی لے کر زیادہ سے زیادہ علم حاصل کرنے کی کوشش کریں۔