معیاری تعلیم کی فراہمی پر یو ایس ایڈ کے شکر گزار ہیں‘ جام مہتاب ڈہر
کراچی (نیوز رپورٹر) سندھ کے وزیر تعلیم جام مہتاب ڈہر اور امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی USAID کے قائم مقام ڈپٹی مشن ڈائریکٹر برائے سندھ و بلوچستان اوگالے اوڈو نے ’’گائیڈ اینڈ ٹول کٹ آن پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ‘‘ کی رونمائی کی۔ یہ ٹول کٹ سندھ کے محکمہ تعلیم و خواندگی کیلئے یو ایس ایڈ کے سندھ بیسک ایجوکیشن پروگرام کی مالی مدد سے تیار کی گئی ہے۔ جام مہتاب ڈہر نے سندھ میں معیاری اسکولوں کی تعمیر اور بچوں کو تعلیم کی فراہمی میں مسلسل مدد پر یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا۔ قائم مقام ڈپٹی مشن ڈائریکٹر اوگالے اوڈو کا کہنا تھا کہ ہمیں تعلیم کے فروغ کے اقدام میں سندھ حکومت سے شراکت پر فخر ہے‘ یو ایس ایڈ سندھ میں تعلیمی معیار بلند کرنے اور طلبہ خصوصاً لڑکیوں کیلئے حصول تعلیم کے محفوظ مواقع فراہم کرنے میں مدد کر رہا ہے۔ تقریب میں سندھ کے سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر اقبال درانی اور سندھ بنیادی تعلیمی پروگرام کے سینئر پالیسی ایڈوائزر اور منیجر ڈاکٹر رینڈی ہیٹ فلیڈ بھی شریک ہوئے۔