شدید دھند کے باعث پنجاب میں سکولوں کے اوقات تبدیل کر دئیے گئے

راولپنڈی (نیوزرپورٹر) پنجاب کے مختلف علاقوں میں پڑنے والی شدید دھند نے سکولوں کے اوقات تبدیل کرادئیے ۔ سیکرٹری تعلیم پنجاب اللہ بخش ملک نے اس حوالے سے گزشتہ روز باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اب پنجاب کے تمام سکول ہفتہ سے جمعرات تک صبح نو بجے کھلیں گے اوردن اڑھائی بجے چھٹی ہوگی۔جمعہ کے روز یہ دورانیہ صبح نو سے دن 12:15 تک ہوگا۔ یاد رہے کہ پیر کو پنجاب کے ان اضلاع کے سکولوں کے اوقات تبدیل کئے گئے تھے جو ان دنوں شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جن میںاٹک ، بہاولپور اور جھنگ شامل تھے۔ تاہم منگل کو پورے صوبے کے سکولوں کے اوقات کار تبدیل کر دئیے گئے ہیں۔ جس کا نوٹیفکیشن جاری ہوگیا ہے۔ اس کا مقصد طلباء کو صبح کے اوقات میں مختلف علاقوں میں پڑھنے والی شدیددھند کے نقصانات سے محفوظ رکھنا ہے۔