ڈریال کی بچیوں کو جدیددور میں بھی تعلیم کے حصول میں مشکلات کا سامنا

کلر سیداں(نامہ نگار)بلدیہ کلر سیداں کے رکن ملک زبیر احمد نے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول ڈریال کو اپ گریڈ کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ڈریال کی بچیوں کو آج بھی تعلیم کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور بعض بچیاں دور دراز علاقوں میں جانے کی سکت نہیں رکھتی ہیںاور تعلیم کی بجائے گھر بیٹھ جانے پر مجبور ہیں۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ڈریال میں ایلیمنٹری سکول کا قیام لوگوں کا دیرینہ مطالبہ ہے مگر آج تک اس مطالبے پر توجہ نہیں دی گئی جس سے مقامی آبادی کو شدید تشویش لا حق ہے اور یہاں کی طالبات کو پرائمری کے بعد مزید تعلیم جاری رکھنا ممکن نہیں رہتا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں تعلیم نسواں کو عام کئیے بغیر پر امن معاشرے کا قیام ممکن نہیں عوام علاقہ اپنے رہنما سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے اپیل کرتے ہیں کہ گرلز سکول ڈریال کو بلاتاخیر اپ گریڈ کر کے لوگوں کے دیرینہ مطالبے کو پورا کیا جائے۔انہوں نے پیشکش کی اگر انہیں اپر گریڈیشن کے لیے مزید زمین درکار ہو تو مقامی لوگ اس کے عطیہ کے لیے بھی تیار ہیں اور اس کے لیے اب تک محکمہ تعلیم کی توجہ اور چوہدری نثار علی خان کی منظوری کی ضرورت ہے۔