اسلام آباد کے سکولوں کی اپ گریڈیشن کا کام جاری

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سکولوں کو ملک کے مثالی تعلیمی ادارے بنانے کے لئے ان کی اپ گریڈیشن کا کام زور و شور سے جاری ہے۔ پہلے مرحلہ میں 22 سکولوں کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کیا گیا اور 3 ارب 28 کروڑ روپے کی لاگت سے دوسر مرحلہ میں 200 مزید سکولوں کی اپ گریڈیشن اور تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ مختلف سکولوں اور کالجز کے سربراہان نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ جامع منصوبہ کا مقصد تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہے جسے دو مراحل میں شروع کیا گیا ہے۔ کلاس روم، جدید آلات سے لیس لیبارٹریاں، کھیل کے میدان، پینے کے صاف پانی کی سہولیات، ٹائلٹس کی تعمیر اور اساتذہکی تربیت منصوبے کا حصہ ہے جو وزیراعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام کے ذریعے شروع کیا گیا ہے۔ جی سیون فور اسلام آباد ماڈل سکول کی وائس پرنسپل تسلیم اختر، اسلام آباد ماڈل سکول جی سکس ٹو کی پرنسپل غزالہ بشیر خان اور اسلام آباد ماڈل سکول جی نائن ون کے پرنسپل افتخار الدین خٹک نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی سہولیات کو بہتر بنانے سے سرکاری سکولوں میں داخلوں کے رجحان میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ کیڈ کے حکام نے بتایا کہ دوسرے مرحلے میں 200 سکولوں کی تزئین و آرائش کا کام وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو نئی بسیں بھی فراہم کی گئی ہیں اور 130 اداروں کو بسوں/کوسٹرز کی خریداری کا عمل مکمل ہونے کے بعد بسیں فراہم کر دی جائیں گی۔ اس پروگرام کے تحت 2147 وائٹ بورڈز، 303 واٹر کولر نصب کئے گئے ہیں۔