پنجاب ایجوکیشن سیکٹر ریفارم پروگرام میں سنگین نوعیت کی قاعدگیاں

چکوال(نامہ نگار)سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملک رفعت حیات نے بتایا کہ محکمہ تعلیم ضلع چکوال میں پنجاب ایجوکیشن سیکٹر ریفارم پروگرام میں سنگین نوعیت کی بے قاعدگیاں کی گئی ہیں اور قواعد و ضوابط سے ہٹ کر دو سالوں میں43کروڑ روپے کی غیر شفاف خریداری کی گئی ہے ۔ اس موقع پر ملک مسعود الحسن بھی انکے ہمراہ تھے۔ ملک رفعت حیات نے مزید بتایا کہ پنجاب حکومت سے اب تک چیف ایگزیکٹو آفیسر محکمہ تعلیم کیخلاف متعدد انکوائریاں ہوئی ہیں جس میں گریڈ20کے انکوائری افسر چوہدری محمد یٰسین نے موجودہ چیف ایگزیکٹو کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی ہے مگر اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ انٹی کرپشن نے بھی گزشتہ سال مذکورہ چیف ایگزیکٹو پر سنگین نوعیت کے الزامات پر ان کیخلاف محکمانہ کارروائی کی سفارش کی ہے مگر عملدرآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے مزیدبتایا کہ گزشتہ چار سالوں میں تقرریوں اور تبادلوں میں بھی سنگین قسم کی بدعنوانیاں اور بے قاعدگیاں موجود ہیں اور اس ضمن میں ڈپٹی کمشنرز کو بھی حقائق کے بارے میں صحیح آگاہ نہیں کیا گیا۔