محکمہ تعلیم ضلع چکوال میں نیاانتظامی بحران پیدا ہو گیا

چکوال( نامہ نگار) چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن چکوال کی جانب سے ضلع بھر کے اے ای اوز کو ہایئر سیکنڈری اور سیکنڈری سکولوں کے چیک کرنے کی ذمہ داری دیئے جانے پر محکمہ تعلیم ضلع چکوال میں نیاانتظامی بحران پیدا ہو گیا ہے، ضلع بھر کے اے ای اوز نے سی ای او چکوال ڈاکٹر غلام مرتضی کے غیر قانونی احکامات کو مانے سے انکار کردیا ہے جبکہ آج پیر کو اے ای اوز کا اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے جس میں ہڑتال کا اعلان متوقع ہے۔ اے ای اوز کے مطابق سی ای او نے غیر قانونی طریقہ کار کے تحت ہمیں مجبور کرنے کی کوشش کی کہ جونیئر آفیسر ہایئر سیکنڈری اور سیکنڈری سکولز کے سینئر آفیسرز کے خلاف دورے کرکے رپورٹ دیں جس کا کوئی تحریری حکم نامہ دینے کی بجائے سی ای او آفس چکوال میں تعینات طیبہ نامی ای ایس ٹی ٹیچر کے ذریعے زبانی حکم دیا گیا ہے ،جو کہ خلاف قانون ہے ، اے ای اوز کے وفد نے بتایا کہ طیبہ جو گورنمنٹ گرلز مڈل سکول ڈھوک غلام حسین میں بطور آئی ٹی ٹیچر تعینات ہے اس کو بغیر کسی آفس آرڈرکے سی ای او نے اپنے آفس میں بٹھا رکھا ہے جبکہ اس کی جگہ اس کے اسکول میں کسی بھی ٹیچر کو تعینات نہیںکیا گیا۔ اے ای اوز کے وفد نے ایم این اے میجر(ر) طاہر اقبال سے بھی ملاقات کی اور درخواست پیش کی جس پر ایم این اے میجر (ر) طاہر اقبال نے ڈپٹی کمشنر چکوال سے معاملہ کا نوٹس اور تحقیقات کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔