بچیوں کی پرائمری تعلیم تک رسائی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں‘ بلیغ الرحمن
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجنیئر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملک میں تعلیمی معیار کے فروغ اور بچیوںکی پرائمری تعلیم تک رسائی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں،تعلیمی شعبے کے لیے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے، سکولوں میں داخلوں کی شرح میں اضافہ ہوا ۔وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت انجنیئر بلیغ الرحمان نے یونیسکو اور اٹلی کے درمیان پاکستان میں بچیوں کو تعلیم کا حق دینے اور اور تعلیم کے ذریعے ثقافتی ورثے کے تحفظ سے متعلق دو سالہ منصوبے کے معاہدے کی یاداشت پر دستخط کی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجنیئر بلیغ الرحمان نے کہا کہ بچیوں کو تعلیم کے حق کی فراہمی کا منصوبہ حکومت پاکستان اور یونیسکو کا مشترکہ منصوبہ ہے جس کا مقصد بچیوںکو تعلیم تک رسائی فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک تعلیم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے،تعلیمی معیار کے فروغ اور بچیوں کی پرائمری تعلیم تک رسائی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔تعلیمی شعبے کے لیے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد صرف بچیوںکو تعلیم کی فراہمی نہیں بلکہ ملک بھر میں ثقافتی ورثوں کو محفوظ بنانا بھی ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سکولوں میں داخلوں کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور حکومت داخلوں کے حوالے سے لڑکوں اور لڑکیوں کے درمیان فرق کو ختم کرنے کے لیے پر عزم ہے اس حوالے سے یونیسکو کا کردار قابل تحسین ہے اس کے بہتر نتائج برآمد ہوں گے ۔بعد ازاں پاکستان میں اٹلی کے سفیرسٹیفنوپونٹی کروو،ہیڈ آف اٹلین کوآپریشن سینٹامول ،یونیسکو کی نمائندہ وبرک جینسن نے 17لاکھ ڈالر امداد کی فراہمی کے معاہدے کی یاداشت پر دستخط کیے۔منصوبے کے تحت پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومتوں کو تعلیم تک رسائی اور تعلیمی معیار کی بہتری کے لیے امداد دی جائے گی اس حوالے سے خصوصا بہاولپور اور سوات کے اضلاع پر توجہ مرکوز کی جائے گی جبکہ ملک میں ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کے لیے بھی اقدامات میں تعاون کیا جائے گا۔