تعلیمی میدان میں بھی اسلام دشمنوں کا مقابلہ کرینگے: عبدالرحمن مکی
لاہور ( سپیشل رپورٹر) مذہبی قائدین، نامور ماہرین تعلیم اور دانشور حضرات نے کہا ہے کہ ملک میں نصاب تعلیم اور نظام تعلیم کو سیکولر بنانے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ تعلیمی میدان میں بھی اسلام دشمن قوتوں کی مسلط کردہ جنگ کا مقابلہ کریں گے۔ یہ اسلام اور نظریہ پاکستان کے تحفظ کی جنگ ہے۔ نصاب تعلیم میں کی جانے والی تبدیلیاں قبول نہیں۔ اساتذہ کرام اور ماہرین تعلیم قوم کو بیرونی سازشوں سے آگاہ کریں۔ مسلم معاشروں میں منظم منصوبہ بندی کے تحت فحاشی و عریانی کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہاردفاع پاکستان کونسل و جماعۃالدعوۃ کے مرکزی رہنما پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، پاکستان قومی زبان تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد شریف نظامی،جماعۃالدعوۃ شعبہ تعلیم کے مدیر انجینئر نوید قمر، مولانا سیف اللہ خالد،قاری یعقوب شیخ، حافظ عبدالرئوف، حافظ طلحہ سعید ودیگر نے جماعۃ الدعوۃ شعبہ تعلیم کے زیر اہتمام مرکز القادسیہ چوبرجی میں میٹرک کے امتحانات میں نمایاں نمبر حاصل کرنے والے طلباء کے اعزاز میں منعقدہ سالانہ تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔